جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر
جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر سید امتیاز حسین باقری حنفی، جوکہ ایک مشہور وکیل تھے، کی بیٹی ہیں۔ 5 اکتوبر 1957 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کنٹونمنٹ پبلک سکول کوئٹہ سے اور اپنا بیچلرز گورنمنٹ گرلز کالج کوئٹہ سے کیا۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے اردو ادب میں ماسٹرز بلوچستان یونیورسٹی سے اور یونیورسٹی لاء کالج سے قانون کی اسناد 1980 میں حاصل کیں۔
جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے22 اپریل 1982 کو مقابلے کا امتحان پبلک سروس کمیشن سے پاس کرنے کے بعد اپنا کیرئر بطور سول جج شروع کیا۔بعد ازاں 29 جون 1987 کو انہوں نے سنےئر سول جج کے عہدے پر ترقی پائی اور 27 فروری1991 کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ انیڈ سیشن جج بنیں اور پریزائیڈنگ آفیسر لیبر کورٹ کے عہدے پر بھی کام کیا۔ یکم مارچ1996 کو انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدے پر ترقی پائی۔ وہ 22 اکتوبر 1998 کو بطور رکن بلوچستان سروس ٹربیونل میں تعینات ہوئیں۔ اور10 جولائی2009 کو انکی تعیناتی بطور چیرپرسن بلوچستان سروس ٹربیونل ہوئی۔7ستمبر2009 کو جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر عدالت عالیہ بلوچستان میں ایڈیشنل جج مقرر ہوئیں اور 11 مئی2011 کو مستقل جج کی حیشیت سے حلف اٹھایا۔
جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے 2012 میں انٹر نیشنل لاء فار جسٹس ہیگ نیدرلینڈ میں منعقد ہونے والی تربیت بعنوان(میٹنگ انٹر نیشنل ہیومن رائٹ اسٹینڈرڈ ان کریمنل پروسیڈنگ) میں شرکت کی۔ انہوں نے2011 میں کوئٹہ میں ہونے والی انوائر مینٹل لاء کانفرس میں حصہ لیا اور 13 سے15 اپریل 2012 اسلام آباد میں انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرس شرکت کی۔
جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے ساؤتھ ایشیاء ورکشاپ بابت سائبر کرائمز اور الیکٹرونک شہادت میں شرکت کی جو کہ کولمبو سری لنکا میں 24 تا 26 اگست منعقد کی گئی۔ انہوں نے 11تا15اکتوبر 2017اٹلانٹا میں ہونے والی کانفرنس بابت نیشنل ایسوسی ایشن فار وومن ججز (این اے ڈبلیو جے) انڈر" ایکسیس ٹو جسٹس۔ ماضی ، حال ، مستقبل" میں بھی شرکت کی۔
جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر انتظامی کمیٹی، پروموشن کمیٹی اور کمیٹی برائے ڈرافٹنگ رولز، نوٹیفیکشن، سرکولرز اور قواعد اور ان کے مندرجات کو پرکھنے والی کمیٹیوں کی رکن بھی رہی ہیں۔
جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کوتین ججوں پر مشتمل قائم کردہ خصوصی عدالت زیر دفعہ 4 کریمنل لاء امینڈمنٹ( اسپشل کورٹ) ایکٹ 1976برائے سماعت مقدمہ سنگین غداری بر خلاف سابق صدر جنرل پرویز مشرف میں بطور جج بحکم محررہ 22 نومبر 2013 مقرر کیا گیا۔
جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر پہلی خاتون ہیں جو بلوچستان میں سول جج بنیں اور انہیں یہ امتیاز بھی حاصل رہا ہے کہ جن جن عہدوں پر انہوں نے کام کیا ہے وہ ان عہدوں پر کام کرنے والی بلوچستان کی پہلی خاتون ہیں۔
جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے بطور چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان اپنے منصب کا حلف یکم ستمبر 2018 کو اٹھایا۔