جسٹس عبدالقیوم لہڑی
جسٹس عبد القیوم لہڑی کوئٹہ، بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں ایک ممتاز بلوچ گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ میں حاصل کی اور بلوچستان یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ سے قانون میں بیچلر کی ڈگری (ایل ایل بی) حاصل کی۔ اپنی علمی و تعلیمی سرگرمیوں کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اسلام آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی سے پبلک پالیسی میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔
جسٹس لہڑی نے 2015 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کی حیثیت سے بلوچستان کی عدلیہ میں شمولیت اختیار کی۔ اپنے عدالتی کیریئر کے دوران انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں خدمات انجام دیں، جن میں حب (لسبیلہ) اور قلات بھی شامل ہیں، جہاں انہوں نے اپنی عدالتی ذمہ داریاں امتیازی کارکردگی، محنت، فرض شناسی اور دیانت داری کے ساتھ انجام دیں۔وہ عدالت عالیہ بلوچستان میں بحیثیت ممبر انسپیکشن ٹیم بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے پورے صوبے میں عدالتی کارکردگی کی ادارہ جاتی نگرانی، مانیٹرنگ اور جائزے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کی ممتاز اور بے داغ سروس ریکارڈ اور مثالی عدالتی کارکردگی کے اعتراف میں، معزز وفاقی شرعی عدالتِ پاکستان نے ان کی خدمات حاصل کرتے ہوئے انہیں وفاقی شرعی عدالتِ پاکستان میں رجسٹرار (بی پی ایس-22) مقرر کیا۔ وہ جنوری 2021 سے جولائی 2025 تک اس منصب پر فائز رہے۔
جولائی 2025 میں انہوں نے عدالت عالیہ بلوچستان میں دوبارہ شمولیت اختیار کی اور انہیں عدالت عالیہ بلوچستان کا رجسٹرار (بی پی ایس-22) تعینات کیا گیا۔ اس حیثیت میں انہوں نے مختلف نوعیت کی انتظامی اور عدالتی ذمہ داریاں انجام دیں اور عدالت کے مؤثر انتظامی و ادارہ جاتی امور کی انجام دہی میں اہم کردار ادا کیا۔
جسٹس لہڑی نے متعدد قومی اور بین الاقوامی پیشہ ورانہ تربیتی اور استعدادِ کار بڑھانے کے پروگراموں میں بھی شرکت کی۔ ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں AMAI اور RASTI کے مشترکہ طور پر منعقد کردہ اور یونیسف کے تعاون سے ہونے والے ٹرینرز پروگرام؛ لاہور میں منعقدہ ماسٹر ٹرینرز ورکشاپ؛ کوئٹہ کی چیلنجر انگلش لینگویج اکیڈمی میں انگریزی زبان کے ماہر کی حیثیت سے خدمات؛ یونیسف کے تعاون سے این جی اوز دانش اور رہنما ہیلپ لائن سینٹر کو بلا معاوضہ قانونی معاونت کی فراہمی؛ امریکہ میں قانون کی حکمرانی، متاثرین و گواہان اور فوجداری نظامِ انصاف کے موضوعات پر منعقدہ لیڈرشپ پروگرام میں شرکت؛ اور کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (KOICA) کے تعاون سے جنوبی کوریا میں قانون کی حکمرانی کے حوالے سے منعقدہ تربیتی پروگرام میں شرکت شامل ہے۔
عدلیہ میں شمولیت سے قبل جسٹس لہڑی نے دس سال سے زائد عرصے تک ڈسٹرکٹ کورٹس اور ہائی کورٹ کے وکیل کی حیثیت سے پریکٹس کی۔ دورانِ وکالت انہوں نے قانونی اہمیت کے حامل اور منفرد نوعیت کے متعدد مقدمات میں پیش ہو کر پیروی کی۔ وہ بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے منتخب جنرل سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے صوبے کی قانونی برادری کے پیشہ ورانہ اور ادارہ جاتی امور میں اپنا کردار ادا کیا۔
جسٹس لہڑی 11 اگست 2026 کو عدالت عالیہ بلوچستان میں بطور ایڈیشنل جج تعینات ہوئے۔