جناب ظفر جان


--
Mr. Zafar Jan

جناب ظفر جان، ولد بشیر احمد، 6 جون 1978 کو گاؤں کلاتک، تربت (کیچ) میں پیدا ہوئے۔ آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی اسکول کلاتک سے حاصل کی، جبکہ ثانوی تعلیم 1994 میں گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول، تربت سے مکمل کی۔ 1996 میں ایف۔ایس۔سی عطا شاد ڈگری کالج، تربت سے کی اور 1998 میں جامعہ بلوچستان سے بی۔اے کیا۔ 2002 میں آپ نے سندھ مسلم لا کالج، کراچی سے ایل۔ایل۔بی کی ڈگری حاصل کی۔

آپ نے اپنے قانونی کیریئر کا آغاز بیرسٹر این۔کے۔ جتوئی کے ساتھ بطور جونیئر ایسوسی ایٹ کیا اور 2003 میں سندھ بار کونسل سے ماتحت عدالتوں میں وکالت کا لائسنس حاصل کیا۔ 2005 میں عدالت عالیہ بلوچستان میں بطور وکیل اندراج ہوئے اور سات سال تک مکران ڈویژن کی عدالتوں میں وکالت کی۔ اس دوران آپ نے سماجی تبدیلی اور قانونی اصلاحات کے موضوع پر اخبارات میں کئی مضامین بھی تحریر کیے۔

2010 میں آپ کو انسدادِ دہشت گردی عدالت مکران، تربت میں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا جہاں آپ نے تین سال خدمات سر انجام دیں۔ 15 اپریل 2013 کو آپ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مقرر کیا گیا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، نصیرآباد، بارکھان، موسیٰ خیل، آواران اور سبی میں ایڈیشنل یا قائم مقام / انچارج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں۔

31 اگست 2023 کو آپ کو ترقی دے کر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مقرر کیا گیا آپ کی پہلے واشک اور بعد میں گوادر میں تعیناتی ہوئی۔ آپ نے اپنی مدتِ ملازمت کے دوران بے شمار دیوانی، فوجداری، فیملی اور دیگر نوعیت کے مقدمات، بشمول اپیلیں اور نظر ثانی کے مقدمات کا فیصلہ کیا۔ آپ نے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد، بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی کوئٹہ اور سندھ جوڈیشل اکیڈمی کراچی میں مختلف تربیتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ علاوہ ازیں، آپ نے بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی میں فوجداری قوانین پر لیکچرز بھی دیے۔

آپ نے قومی کانفرنسوں میں بھی شرکت کی، جن میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقدہ "ریزیلینٹ پاکستان: آبادی اور وسائل کے توازن" پر کانفرنس اور "نظامِ عدل: 75 سال – ماضی کا جائزہ اور مستقبل کی سمت" شامل ہیں۔ بارکھان میں انچارج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (MCTC) کے طور پر خدمات کے دوران مقدمات کے فوری فیصلوں میں آپ نے قومی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

حال ہی میں، اپریل 2025 میں آپ نے عزت مآب چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس یحییٰ آفریدی کے ہمراہ چین کا دورہ کیا، جہاں ہانگژو اور شنگھائی میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے رکن ممالک کے چیف جسٹسز کے اجلاس میں شرکت کی۔ مئی 2025 میں آپ نے سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں سوئس فیڈرل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ETH) میں منعقدہ "ٹیکنالوجی اینڈ لاء کانفرنس 2025" میں بھی شرکت کی۔

12 جولائی 2025 کو آپ کو عدالت عالیہ بلوچستان میں بطور ممبر انسپیکشن ٹیم (MIT) تعینات کیا گیا اور 21 جولائی 2025 کو آپ نے اپنی ذمہ داریاں سمبھالیں۔