عدالت عالیہ بلوچستان کے ویب پورٹل کا افتتاح


 29 اکتوبر 2021

شفافیت کے اعلیٰ معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے وکلاء اور سائلین کو مقدمات کی معلومات تک تیز ترین رسائی کے لئے عدالت عالیہ بلوچستان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے والے سائلین ، وکلاء اور عام شہریوں کے لئے عدالت عالیہ بلوچستان کی ویب سائٹ پر ویب پورٹل متعارف کردیا ہےجس کا افتتاح آج مورخہ 29 اکتوبر 2021 کو عزت مآب چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جناب جسٹس نعیم اختر افغان نے آئی ٹی کمیٹی کے معزز جج صاحبان ، عزت مآب سینئر ترین جج، جناب جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور عزت مآب جناب جسٹس نذیر احمد لانگو کے ہمراہ کیا۔
اس ویب پورٹل سے عدالت عالیہ بلوچستان اور بلوچستان بھر کی ضلعی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔ عدالت عالیہ بلوچستان میں سنائے جانے والے تمام فیصلے پڑھنے کےلئے ویب پورٹل پر موجود ہیں جن کی تصدیق شدہ نقول ضابطہ کے مطابق عدالت عالیہ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس پورٹل پر وکلاء کے لئے ان تمام مقدمات کی تفصیلات موجود ہیں جن میں وہ بطور وکیل پیش ہوئے یا ہو رہے ہیں ۔ وکلاء کی سہولت کےلئے عدالت عالیہ بلوچستان میں زیر التواء مقدمات کی آئندہ تاریخ سماعت کے حوالے سے معلومات کیلنڈر کی صورت میں موجود ہیں جن سے وکلاء مستفید ہو سکتے ہیں۔ یہ ویب پورٹل عزت مآب چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جناب جسٹس نعیم اختر افغان کی خصوصی ہدایت پر آئی ٹی کمیٹی کے معزز جج صاحبان کی زیر نگرانی عدالت عالیہ بلوچستان کی آئی ٹی برانچ نے کلی طور پر اپنے وسائل سے تیار کیا ہے ۔
اس موقع پر سید حسن شیراز، سسٹم اینالسٹ ، محمد جواد خان ، کمپیوٹر پروگرامر اور رجسٹرار عدالت عالیہ بلوچستان ، جناب راشد محمود بھی موجود تھے۔